ماسکو،3نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)روس کی فوج نے بدھ کے روز ایک بیان میں شمالی شام کے شہر حلب میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی میں 10گھنٹوں کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان روسی صدر ولادیمر پوتن کے حکم پر کیا گیا ہے۔روسی اسٹاف کمیٹی کے سربراہ ویلری گیراسیموف کے مطابق حلب میں 4نومبر بروز جمعہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی مقامی وقت کے مطابق صبح 9بجے سے شام 7بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سے قبل منگل کے روز روسی ایوان صدر کرملن کے ترجمان نے کہا تھا کہ حلب پر روسی اور شامی حکومت کے فضائی حملوں کو عارضی طور پر روکے جانے کا سلسلہ ابھی نافذ العمل ہے۔ تاہم اگر شہر میں شامی اپوزیشن گروپوں نے اپنے حملے جاری رکھے تو یہ وقفہ باقی نہ رہ سکے گا۔